کولکاتہ، 22اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس کو اپنے گڑھ مالدہ میں اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب کانگریس اور بائیں محاذ کے 14ممبران نے آج ترنمول کانگریس کا دامن تھام لیا جس سے مغربی بنگال میں حکمراں پارٹی نے مالدہ ضلع پریشد پر قبضہ کر لیا۔آج کے واقعہ کو بہت اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ تقریبا تین ماہ قبل ہوئے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں مالدہ میں ترنمول کانگریس کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی تھی۔اس انحراف پر بایاں محاذ نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور ترنمول کانگریس پر ریاست میں ایک جماعتی حکومت قائم کرنے اور ہندوستانی جمہوریت اور آئین کے بنیادی اصولوں کو ختم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔ریاست کے وزیر ٹرانسپورٹ اور ترنمول کانگریس کے مالدہ ضلع انچارج سویندو نے صحافیوں سے کہا کہ 38رکنی مالدہ ضلع پریشد میں، ضلع پریشد سبھادھی پتی سرلا مرمو سمیت لیفٹ پارٹیوں کے 8 اور کانگریس کے 6 رکن ترنمول کانگریس میں شامل ہوئے جبکہ سماج وادی پارٹی کے دو ممبران نے حمایت کی۔ترنمول کانگریس کے موجودہ ضلع پریشد میں 6 رکن ہیں۔اسمبلی انتخابات میں سی پی ایم کے ٹکٹ پر جیتنے والے اور ضلع پریشد رکن دیپالی بسواس گزشتہ ماہ ترنمول کانگریس میں شامل ہوئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس میں شامل ہونے والوں نے گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس اور بائیں محاذ کے درمیان غیر اخلاقی اتحاد کی حمایت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ وہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی کاموں سے بھی حوصلہ افزاء ہیں۔ان واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے حزب اختلاف کے لیڈر اور ریاستی کانگریس لیڈر عبدالمنان نے کہاکہ ترنمول کانگریس ریاست میں ایک جماعتی حکومت قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس وجہ سے وہ مسلسل اپوزیشن ممبران اسمبلی،کونسلر اور منتخب ارکان کا شکار کر رہے ہیں۔سی پی ایم پولٹ بیورو رکن محمد سلیم نے کہا کہ ترنمول کانگریس ہمارے ملک کی جمہوریت اور آئین کے بنیادی اصولوں کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔